بنیادی صفحہ » پاکستان » انڈیا دس برس سے جنگی ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک، پاکستان میں کمی

انڈیا دس برس سے جنگی ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک، پاکستان میں کمی

انڈیا گزشتہ دس برس سے جنگی ہتھیار خریدنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ پچھلے دس برس کے دوران انڈیا کے ہتھیاروں کی خرید میں چوبیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے برعکس اس مدت میں پاکستان میں ہتھیاروں کی خرید میں ایک تہائی کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ان حقائق کا انکشاف سویڈین کے ایک سرکردہ تحقیقی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔

سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے پوری دنیا میں ہتھیاروں کی برآمدات کے اس جائزے میں کہا ہے کہ اسلحے کی خریداری میں مشرق وسطی کے ممالک اور ایشیا سب سے آگے ہیں اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ، روس، فرانس ، جرمنی اور چین ہتھیار برآمد کرنے والے سب سے بڑے ممالک ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ کے سینیئر محقق سیمون ٹی ویزے مین نے بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ اس رپورٹ میں بڑے جنگی ہتھیاروں کی خرید اور برآمدات کی بنیاد پر ملکوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ لیکن اس میں ان ہتھیاروں کی خرید پر آنے والے اخراجات کو سامنے نہیں رکھا گیا ہے۔

سیمون نے بتایا کہ 2013 -17 کے دوران انڈیا بڑے ہتھیار خریدنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک رہا۔ پورے دنیا میں جتنے ہتھیار بکے اس کا بارہ فیصد اکیلے انڈیا نے خریدا۔ 2008 سے 2017 تک دس برس میں انڈیا کے ہتھیاروں کی خرید میں جوبیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ روس انڈیا سب سے بڑا سپلائیرہے۔ لیکن پچھلے دس برس میں امریکہ سے ہتھیاروں کی خریدی میں 557 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اسرائیل انڈیا کا تیسرا سب سے بڑا دفاعی سپلائیر ہے۔

سیمون ویزے مین نے بی بی سی کو بتایا کہ ’چین اور پاکستان سے کشیدگی انڈیا کی ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی مانگ میں اضافے کا سبب ہے کیونکہ وہ خود بڑے جنگی ہتھیار بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔‘

دفاعی ماہرین کے مطابق انڈیا نے گزشتہ دس برس میں سو ارب ڈالر سے زیادہ نئے ہتھیاروں اور دفاعی نظام کی خرید پر صرف کیے۔ اس مدت میں نئے جنگی جہازوں، میزائل، آبدوزوں، ٹینکوں، ہاویٹزر توپوں، سپیشل طیاروں اور دوسرے ہتھیاروں کی خرید کے لیے سودے کیے گئے۔ ابھی گزشتہ مہینے انڈیا نے دفاعی اخراجات کے لیے 51 ارب ڈالر مختص کیے ہیں جس میں تقریباً 16 ارب ڈالر نئے ہتھیاروں اور جنگی ساز وسامان کے حصول کے لیے ہیں۔

سیمون نے بتایا کہ انڈیا سے مسلسل کشیدگی کے باوجود گزشتہ دس برس کے دوران پاکستان کے ہتھیاروں کی درآمد میں 36 فیصد کی کمی آئی ہے۔ یہ پوری دنیا میں ہتھیاروں کی فروخت کا تقریـباً تین فیصد ہے۔ پچھلے پانج برس میں پاکستان میں امریکہ سے خریدے جانے والے ہتھیاروں میں 76 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

تعارف: Admin

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*

x

Check Also

سندھ اسمبلی کے اجلاس کور کرنے والے پروفیشنل صحافیوں پر مشتمل ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان کردیا گیا

سندھ اسمبلی کے اجلاس کور کرنے والے پروفیشنل صحافیوں پر مشتمل ایسوسی ایشن کے قیام ...